01/09/2026
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں میں ریجنل بلڈ سنٹر کا باقاعدہ افتتاح، ممبر قومی اسمبلی مولانا سید نسیم علی شاہ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ایم ٹی آئی بنوں میں ریجنل بلڈ سنٹر بنوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی مولانا سید نسیم علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے فیتہ کاٹ کر ریجنل بلڈ سنٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ممبر بورڈ آف گورنرز ایم ٹی آئی بنوں شب نیاز خان ایسوسی ایٹ ہاسپٹل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم، میڈیکل ڈائریکٹر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرمان اللہ وزیر اور ریجنل بلڈ سنٹر کے انچارج ڈاکٹر عصمت اللہ بھی موجود تھے
افتتاح کے بعد شرکاء نے ریجنل بلڈ سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انچارج ریجنل بلڈ سنٹر ڈاکٹر عصمت اللہ نے سنٹر میں دستیاب سہولیات، خون کے عطیات کے حصول، خون کی اسکریننگ، محفوظ ذخیرہ اور ضرورت مند مریضوں کو خون اور اس کے مختلف اجزاء کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایسوسی ایٹ ہاسپٹل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اکرم کا کہنا تھا کہ ریجنل بلڈ سنٹر کا قیام بنوں ڈویژن میں خون کی بروقت اور محفوظ فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس مرکز کے ذریعے تھیلیسیمیا اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے علاوہ حادثات اور ہنگامی صورتحال میں خون کی ضرورت رکھنے والے مریضوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ریجنل بلڈ سنٹر کی مؤثر فعالیت اور عوامی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹی آئی بنوں کے تحت طبی سہولیات میں بہتری اور مریضوں کو بروقت، محفوظ اور معیاری علاج کی فراہمی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی مولانا سید نسیم علی شاہ نے کہا کہ بنوں ڈویژن کے موجودہ حالات کے تناظر میں محفوظ خون کی بروقت دستیابی انتہائی اہم ہے۔ حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے علاوہ تھیلیسیمیا سمیت متعدد مریضوں کو مستقل بنیادوں پر خون کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو رضاکارانہ خون کے عطیات کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے سکولوں، کالجوں، جامعات اور مدارس میں خون کے عطیات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اس انسانی خدمت کے عمل میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایم ٹی آئی بنوں کی انتظامیہ محفوظ خون کی فراہمی اور جدید طبی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ بنوں ریجن کے عوام کو ضرورت کے وقت بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔