Beyond the stethoscope

Beyond the stethoscope A doctor’s perspective beyond prescriptions stories that heal, thoughts that inspire.

10/07/2026

کل رات میری بھتیجی نے پوچھا

انکل آج کل مجھے بہت نیند آتی ہے کوئی ایسی دوا بتائیں جس سے نیند نہ آئے میرا MDCAT قریب ہے۔

میں نے جواب دیا
بیٹا جب نیند آئے تو آرام کر لیا کرو نیند کو اپنا دشمن نہ سمجھو مسلسل جاگ کر پڑھنا کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا بلکہ تھکا ہوا ذہن کم سیکھتا ہے اور کم یاد رکھتا ہے۔

میں نے اسے مزید سمجھایا:
تم جس تسلسل اور محنت کے ساتھ اب تک تیاری کرتی رہی ہو اسی نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھتی رہو آخری دنوں میں اپنی صحت کو قربان کرنے کی کوشش نہ کرو اچھی نیند، متوازن غذا اور ذہنی سکون بھی تیاری کا لازمی حصہ ہیں۔

ہاں اگر خدانخواستہ میڈیکل میں داخلہ نہ بھی ہو سکے تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زندگی ختم ہو گئی اللہ تعالیٰ نے کامیابی کے دروازے صرف ایک شعبے تک محدود نہیں کیے دنیا میں بے شمار راستے اور میدان موجود ہیں جہاں انسان عزت، کامیابی اور خدمت تینوں حاصل کر سکتا ہے۔

اپنے بچوں پر کامیابی کا ایسا دباؤ نہ ڈالیں کہ وہ اپنی نیند، صحت اور مسکراہٹ ہی کھو بیٹھیں۔

یاد رکھیں امتحان زندگی کا ایک حصہ ہے، پوری زندگی نہیں
خواب ضرور دیکھیں مگر اپنی صحت اور ذہنی سکون کی قیمت پر نہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام طلبہ و طالبات کو بہترین کامیابی، صحت، سکون اور آسانیاں عطا فرمائے
آمین ثم آمین یا رب العالمین

09/07/2026

کل رات ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ پر پیغام آیا۔
میں چاہتا تو صرف دو تین لائنوں میں جواب دے کر بات ختم کر دیتا لیکن نہ جانے کیوں دل نے کہا
ہو سکتا ہے اس شخص کے لیے تمہارا وقت اس وقت دنیا کی سب سے قیمتی چیز ہو۔
میں نے تفصیل سے بات سنی۔
بچے کی علامات پوچھیں۔
ایک ایک احتیاط سمجھائی۔
غذا لکھی۔
دوائیں لکھیں اور کہا پریشان نہ ہوں، ان شاء اللہ سب بہتر ہو جائے گا لیکن چند لمحوں بعد اس کا ایک لمبا سا پیغام آیا۔
اس نے دوا کا شکریہ کم ادا کیا
اور وقت دینے کا زیادہ۔
آخر میں اس نے میرے لیے دعا لکھی
میرے والدین کے لیے دعا لکھی
مدینے کی حاضری کی دعا لکھی
حج کی سعادت کی دعا لکھی
اور پھر ایک جملہ میری بیٹی بھی آپ کے لیے دعا کرے گی ان شاء اللہ۔
پتہ نہیں کیوں
یہ جملہ پڑھ کر میں کافی دیر تک خاموش بیٹھا رہا
سوچتا رہا
اس دنیا میں ہم سب رزق کے پیچھے بھاگ رہے ہیں
کوئی دولت کما رہا ہے
کوئی شہرت
کوئی عہدہ اور کوئی تعریف
لیکن شاید
اللہ اپنے کچھ بندوں کے حصے میں ایسی دعائیں بھی لکھ دیتا ہے
جنہیں نہ خریدا جا سکتا ہے نہ مانگا جا سکتا ہے
صرف خدمت، اخلاص اور کسی پریشان دل کو وقت دینے کے بعد عطا کیا جاتا ہے۔
کل رات مجھے احساس ہوا کہ ہم کبھی نہیں جانتے کہ ہماری زندگی کا کون سا لمحہ کسی دوسرے کے دل میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جائے۔
اس لیے اگر اللہ نے آپ کو علم دیا ہے
تو اسے صرف روزگار نہ بنائیں
کسی کی امید بھی بنیں
کیونکہ بعض اوقات آپ کے صرف چند منٹ کسی کی پوری رات کا سکون بن جاتے ہیں۔

🤍

06/07/2026

لوگ اکثر مجھے جاننا چاہتے ہیں مگر انسان کو چند ملاقاتوں یا چند لفظوں سے نہیں جانا جا سکتا۔
میں ہر وقت مضبوط نہیں ہوتا کبھی معمولی سی بات دل میں اتر جاتی ہے اور کبھی بڑی خوشی بھی مسکرا نہیں پاتی میں لہجوں کے پیچھے چھپے ارادے اور رویوں کے بدلتے رنگ پڑھ لیتا ہوں۔
میں تعلقات میں دکھاوے کا قائل نہیں اگر ساتھ ہوں تو پورے دل سے اور اگر راستے جدا ہوں تو خاموشی سے میں ان رشتوں پر یقین رکھتا ہوں جن کی بنیاد اخلاص ہو نہ کہ ضرورت۔
یہ سچ ہے کہ میں جدید دور کے بہت سے پیمانوں پر پورا نہیں اترتا کیونکہ میرے نزدیک انسان کی قیمت اس کے کردار سے ہوتی ہے نہ کہ اس کی نمائش سے۔
میں رشتے کم بناتا ہوں مگر جب بناتا ہوں تو دل سے نبھاتا ہوں شاید اسی لیے دھوکہ تکلیف دیتا ہے مگر اخلاص سے میرا یقین آج بھی نہیں ٹوٹا۔
مجھے غرور نہیں چاہیے اگر کچھ مانگتا ہوں تو صرف اتنا کہ میرا رب مجھے عاجزی عطا رکھے تاکہ اس ہجوم میں بھی میری پہچان میرے اخلاق، میرے کردار اور میری انسانیت سے ہو۔

19/06/2026

کل رات تقریباً دو بجے کا وقت تھا اچانک گیٹ پر مسلسل دستک ہوئی باہر جا کر دیکھا تو ہمارے پڑوسی آصف صاحب تھے چہرے پر شدید پریشانی تھی انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔

میں فوراً گھر واپس آیا بی پی اپریٹس اور فرسٹ ایڈ کٹ لیا اور ان کے ساتھ ان کے گھر پہنچ گیا۔

معائنہ کرنے پر مریضہ کا بلڈ پریشر 180/100 پایا گیا جب ادویات کے بارے میں پوچھا تو معلوم ہوا کہ آج دوا نہیں لی تھی مزید پوچھنے پر بتایا کہ صبح ڈسپنسری میں چیک اپ ہوا تھا اور وہاں کہا گیا تھا کہ بی پی کم ہے اس لیے دوا نہ لیں۔ لیکن اصل بلڈ پریشر ریڈنگ ان کے پاس موجود نہیں تھی۔

یہاں ایک اہم اور تشویشناک بات سامنے آئی کہ بلڈ پریشر جیسے حساس مسئلے میں درست نمبر کا معلوم ہونا انتہائی ضروری ہے صرف “کم” یا “زیادہ” کہہ دینا کافی نہیں ہوتا۔

ابتدائی طبی امداد اور مناسب رہنمائی کے بعد اماں جی کی حالت بتدریج بہتر ہونے لگی اور صورتحال کنٹرول میں آ گئی۔

میں یہ واقعہ اس لیے شیئر کر رہا ہوں تاکہ ایک اہم بات کی طرف توجہ دلا سکو

ہمارے گھروں میں اکثر بنیادی طبی آگاہی کی کمی ہوتی ہے۔ حالانکہ ہر شخص کا ڈاکٹر ہونا ضروری نہیں لیکن چند بنیادی چیزوں کا علم ہر گھر میں ہونا چاہیے۔

بلڈ پریشر چیک کرنا، بخار چیک کرنا، نبض دیکھنا اور آکسیجن لیول SpO2 سمجھنا ایسی سادہ مگر بہت اہم مہارتیں ہیں جو بروقت استعمال ہوں تو کئی پیچیدگیوں سے بچا سکتی ہیں۔

یہ چھوٹی سی آگاہی بعض اوقات بڑی تکلیف اور ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کا سبب بن جاتی ہے۔

11/06/2026

کسی کی زندگی میں خوشیوں کا رنگ بھرنے کے لیے آپ کا ذہین، امیر اور خوبصورت ہونا بالکل ضروری نہیں صرف احساس رکھنے والا دل چاہیے۔💕

ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں اکثر انسان کی قدر اس کے عہدے، دولت، قابلیت یا ظاہری خوبصورتی سے ناپی جاتی ہے حالانکہ زندگی کے سب سے خوبصورت لمس ان چیزوں سے نہیں بلکہ احساس سے جنم لیتے ہیں۔

کسی پریشان شخص کی بات خاموشی سے سن لینا، تھکے ہوئے چہرے کو ایک سچی مسکراہٹ دے دینا، کسی بوڑھی ماں کا ہاتھ تھام لینا، کسی یتیم کے سر پر شفقت رکھ دینا، کسی مجبور کی عزتِ نفس مجروح کیے بغیر مدد کر دینا یہ وہ خوبصورتیاں ہیں جو نہ بازاروں میں ملتی ہیں اور نہ آئینوں میں دکھائی دیتی ہیں۔

ہر انسان کے دل میں ایک ایسی جنگ جاری ہوتی ہے جس کا شور دوسروں تک نہیں پہنچتا۔ کوئی اپنوں کی بے رخی سے ٹوٹا ہوا ہے، کوئی معاشی تنگی سے پریشان، کوئی بیماری سے لڑ رہا ہے، اور کوئی تنہائی کے اندھیروں میں خود کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے ایسے میں آپ کے چند نرم لہجے، چند خلوص بھرے جملے اور چند لمحوں کی توجہ کسی کی پوری دنیا بدل سکتے ہیں۔

یاد رکھیے، لوگ ہمیشہ یہ نہیں یاد رکھتے کہ آپ کتنے ذہین تھے، کتنے امیر تھے یا کتنے خوبصورت دکھائی دیتے تھے لیکن وہ یہ کبھی نہیں بھولتے کہ آپ نے انہیں اپنے ساتھ کیسا محسوس کروایا تھا۔

اس لیے اگر اللہ نے آپ کو ایک نرم دل، دوسروں کے درد کو محسوس کرنے والی آنکھیں اور کسی کے کام آنے کی توفیق دی ہے تو یقین جانیے آپ بہت سی نعمتوں کے مالک ہیں۔

زندگی کی سب سے بڑی خوبصورتی چہرے میں نہیں، کردار میں ہوتی ہے اور سب سے بڑی دولت جیب میں نہیں دل میں بسنے والا احساس ہوتا ہے۔ 💕

بہت دنوں بعد آج جب میں نے ہسپتال کے وارڈ میں قدم رکھا تو ہوا میں ادویات کی بو اور مریضوں کی خاموش سسکیاں مجھے گھیر گئیں ...
01/10/2025

بہت دنوں بعد آج جب میں نے ہسپتال کے وارڈ میں قدم رکھا تو ہوا میں ادویات کی بو اور مریضوں کی خاموش سسکیاں مجھے گھیر گئیں میں ایک مریض کو دیکھنے آیا تھا کاکا جن کے بارے میں میرے ڈاکٹر دوست نے فالو اپ کی ہدایت دی تھی وہ ان کے رشتہ دار تھے میں نے سوچا، تھوڑی دیر بیٹھوں گا، حال احوال پوچھوں گا اور پھر واپس لوٹ جاؤں گا مگر زندگی تو ایسے ہی موڑ لیتی ہے جہاں ایک سادہ سی ملاقات دل کی گہرائیوں کو چھو جائے۔

وارڈ کی ہلکی روشنی میں کاکا جی کا بیڈ ایک کونے میں تھا میں ان کے پاس پہنچا، مسکراہٹ کے ساتھ بیٹھ گیا کاکا جی، کیسے ہیں؟ میری آواز میں تھکن کی جھلک تھی مگر ان کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک انہوں نے مسکرا کر جواب دیا بیٹا، اللہ کا شکر ہے ٹھیک ہوں صبح ایک ڈاکٹر صاحب کہہ رہے تھے کہ آج شائد ڈسچارج کر دیں ہسپتال سے میں نے سر ہلایا ماشاءاللہ یہ تو بہت اچھی خبر ہے اللہ آپ کو جلد صحت دے ان کی مسکراہٹ میں خوشی تھی مگر آنکھوں میں ایک دھندلا سا غم چھپا ہوا تھا جیسے کوئی بادل سورج کو ڈھانپ رہا ہو۔

بیٹا، یہ تو ٹھیک ہے انہوں نے آہ بھری مگر دل بہت غمگین ہے میں نے تجسس سے پوچھا کیوں، کاکا جی؟ کیا بات ہے؟ ان کی آواز لرز اٹھی جیسے کوئی پرانی یاد تازہ ہو گئی ہو۔ بیٹا، میں سینیٹر مشتاق احمد خان صاحب کے لیے بہت فکرمند ہوں دو تین ہفتے ہو گئے وہ غزہ کے سفر پر نکلے ہیں سمندر کی لہروں پر، فلسطین کی مدد لے جانے ان کی بات سن کر میرا دل دھڑکا میں نے سنا تو تھا اس خبر کا وہ سمُود فلوٹیلا کی قیادت کر رہے تھے پاکستان کا جھنڈا تھامے غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش میں مگر کاکا جی کی آواز میں وہ درد،وہ فکرمندی جیسے اپنے بیٹے کی بات کر رہے ہوں۔

بیٹا، انہوں نے تسبیح کی مالا اپنی انگلیوں میں پھیرتے ہوئے کہا، میں نے اپنی صحت کے لیے جو دعائیں کی ہوں گی اس سے کہیں زیادہ میں نے مشتاق صاحب کے لیے کی ہیں ہر نماز میں، ہر رات کی تنہائی میں اللہ انہیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے وہ تو فلسطین کی آواز بنے ہوئے ہیں، غزہ کی مٹی پر قدم رکھنے والے، جہاں بچوں کی چیخیں آسمان چھوتی ہیں ہم نے تو سلطان صلاح الدین ایوبی کے بارے میں سنا تھا وہ فاتح، وہ ہیرو جو یروشلم کو آزاد کروایا مگر آج۔۔۔۔۔۔۔آج تو ہم ان کے حقیقی وارث کو دیکھ رہے ہیں ان کی آواز میں فخر تھا، غم تھا اور ایک عجیب سی ہمت بھی سلطان صلاح الدین کی یاد وہ جو تلوار سے سلطنتوں کو فتح کرتے تھے، آج مشتاق احمد خان جیسے لوگ دعاؤں اور جدوجہد سے فلسطین کی آزادی کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

میں خاموش ہو گیا کاکا جی کی باتوں میں کھو گیا ہسپتال کا یہ وارڈ، جہاں درد کی کہانیاں ہر بیڈ پر بکھری ہوئی ہیں آج ایک نئی کہانی سنا رہا تھا انسانی ہمدردی کی، ایمانی جذبے کی۔ میں نے سوچا ہم ڈاکٹر تو جسم کی تکلیف دور کرتے ہیں مگر یہ دل کی بات یہ تو اللہ کے پاس جاتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کاکا جی میں نے کہا آپ کی دعائیں ضرور قبول ہوں گی اللہ مشتاق صاحب کی حفاظت کرے گا اور فلسطین کو آزادی دے گا آپ بھی جلد صحت یاب ہوں گے اور یہ غم بھی دور ہو جائے گا انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا، بیٹا، دعا تو سب کے لیے ہے تم بھی کرنا، اس راہ میں لڑنے والوں کے لیے۔

رات گہری ہو چکی تھی جب میں وارڈ سے نکلا تھکن اب بھی تھی، مگر دل ہلکا ہو گیا تھا کاکا جی کی فکرمندی نے مجھے یاد دلایا کہ زندگی صرف اپنے دکھوں کی نہیں، بلکہ دوسروں کی جدوجہد کی بھی ہے سلطان صلاح الدین کی طرح، مشتاق احمد خان جیسی شخصیات ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہمت کبھی ختم نہیں ہوتی نہ سمندر کی لہروں میں، نہ دعاؤں کی گہرائیوں میں اللہ سب کی حفاظت کرے اور فلس طین کی آواز کو کامیابی دے آمین۔

Beyond the Stethoscope

کسی حسین عورت کا اُداس ہو جانا سٹاک مارکیٹ کے کریش ہو جانے کے خسارے سے زیادہ بڑا دکھ ہے
29/09/2025

کسی حسین عورت کا اُداس ہو جانا سٹاک مارکیٹ کے کریش ہو جانے کے خسارے سے زیادہ بڑا دکھ ہے

25/09/2025

23/09/2025

دوستی اور رشتوں کی اصل خوبصورتی اُس یقین میں چھپی ہوتی ہے جہاں ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہی نہ پڑے کہ کوئی آن لائن ہے یا نہیں یا اُس نے ہمارا پیغام پڑھا بھی ہے یا نہیں مگر آج کے زمانے میں یہ "لاسٹ سین" اور "بلو ٹِک" جیسے چھوٹے چھوٹے فیچرز انسان کے دل کو کتنی بڑی آزمائش میں ڈال دیتے ہیں۔

کبھی لگتا ہے کہ شاید اُس نے میرا اسٹیٹس دیکھا ہوگا مگر یقین نہیں ہوتا دل بے چین رہتا ہے کہ اُس نے میرا پیغام پڑھا بھی ہے یا نہیں یہ کیفیت ایک انجانی اذیت ہے جیسے دل کے کسی کونے میں سوال آ کر بیٹھ جائے اور جواب دینے والا کوئی نہ ہو۔

اصل دکھ یہ نہیں کہ Read ہوا یا نہیں دکھ یہ ہے کہ میرا دل جواب کا منتظر رہتا ہے اور خاموشی اپنی ہی کہانی سنا جاتی ہے کبھی سوچتا ہوں، کاش رشتوں میں یہ ٹیکنالوجی کی دیواریں نہ ہوتیں بس دل سے دل کی خبر ہو جاتی آنکھوں سے آنکھوں کی زبان سمجھ آتی اور یہ چھوٹے چھوٹے "فیچرز" ہمارے جذبات کا امتحان نہ بنتے۔

یہی تو سب سے بڑی اذیت ہے کہ ایک طرف ہم کسی کے انتظار میں جیتے ہیں اور دوسری طرف ہمیں یقین تک نہیں ہوتا کہ وہ ہمارے جذبے کو جان بھی پایا ہے یا نہیں۔

Address

Islamabad

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Beyond the stethoscope posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Shortcuts

Share