21/03/2026
قصور: ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے عیدالفطر کے موقع پر بابا بلھے شاہ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ قصور ڈاکٹر سہیل طارق اور ایم ایس بابا بلھے شاہ ہسپتال ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے ساتھ موجود افراد میں مٹھائی تقسیم کی اور عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر مریضوں اور لواحقین نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
محمد آصف رضا نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عید کے دنوں میں خصوصی طور پر صفائی، ادویات اور عملے کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس ہسپتال نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور عید کے موقع پر کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔