08/05/2026
تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر اے ایم ویلفیئر سوسائٹی پنجاب کے زیرِ اہتمام تھیلیسیمیا سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت صدر اے ایم ویلفیئر سوسائٹی پنجاب غلام مرتضیٰ قادری نے کی۔
اس موقع پر ڈاکٹرز، سول سوسائٹی کے نمائندگان، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
غلام مرتضیٰ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھیلیسیمیا ایک خطرناک مگر قابلِ احتیاط مرض ہے، جس سے بروقت ٹیسٹ اور آگاہی کے ذریعے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور والدین پر زور دیا کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو یقینی بنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اے ایم ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے المدینہ ہسپتال اینڈ میٹرنٹی ہوم کی جانب سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے کی جانے والی خدمات اور کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ادارہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی مدد، علاج اور آگاہی کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
واک کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں صحت مند اور محفوظ زندگی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔