10/06/2026
📌 پریس ریلیز
پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد کی رجسٹرار سے ملاقات
پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد نے آج رجسٹرار صاحب سے ملاقات کرکے یونیورسٹی میں جاری صورتحال اور طلبہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ وفد میں سینئر نائب صدر احمد خٹک اور جنرل سیکرٹری خان شامل تھے، جنہوں نے طلبہ کے تحفظات اور مطالبات انتظامیہ کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیے۔
ملاقات کے دوران وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات اور مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں۔ رجسٹرار صاحب نے وفد کو یقین دلایا کہ انتظامیہ اساتذہ کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔
وفد نے اس جانب خصوصی توجہ دلائی کہ موجودہ صورتحال کا سب سے زیادہ اثر طلبہ پر پڑ رہا ہے۔ شدید گرمی، امتحانات کے حوالے سے غیر یقینی کیفیت اور تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل کے باعث طلبہ ذہنی دباؤ اور تعلیمی نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو ہر صورت ترجیح دی جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ان کا وقت اور محنت ضائع ہونے سے بچ سکے۔
پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا واضح مؤقف ہے کہ طلبہ کسی بھی تنازعے کا فریق نہیں ہیں۔ اساتذہ اور انتظامیہ کے درمیان موجود مسائل کو باہمی مذاکرات، افہام و تفہیم اور مثبت رویے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ تعلیمی ماحول بحال ہو اور طلبہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
تعلیم، طلبہ اور ان کے مستقبل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ترجمان
پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، جامعہ اردو یونٹ 🚩