06/05/2026
بچوں کو نیند کی دوا دینا: ایک سنگین غلطی۔۔۔
آج کل ہمارے گھروں میں یہ ایک بہت عام بات ہو گئی ہے۔ بچہ رات کو جاگتا ہے، ماں تھکی ہوئی ہے، گھر کے بڑے کہتے ہیں " Phenergan دے دو، سو جائے گا"۔ اور ماں، جو پہلے سے تھکاوٹ سے چور ہوتی ہے، دے دیتی ہے۔ بچہ سو جاتا ہے، سب سکھ کا سانس لیتے ہیں۔ لیکن جو اندر ہو رہا ہوتا ہے، وہ کوئی نہیں دیکھتا۔ چلیں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔۔۔
✅۔Phenergan کیا ہے؟ یہ اصل میں کس کام کی دوا ہے؟
جواب: Phenergan کا اصل نام Promethazine ہے۔ یہ دوا اصل میں الرجی، متلی، اور قے کے لیے بنائی گئی تھی۔ اس کا ایک اثر یہ بھی ہوتا ہے کہ اس سے نیند آتی ہے یعنی sedation ہوتا ہے۔ لیکن یہ نیند کی دوا نہیں ہے۔ اسے نیند کے لیے استعمال کرنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی بخار اتارنے کے لیے بے ہوشی کا انجیکشن لگا دے ، کام تو ہو جائے گا، لیکن طریقہ بالکل غلط ہے۔
✅ کیا چھوٹے بچوں کو Phenergan دینا منع ہے؟
جواب: جی ہاں، یہ صرف میری رائے نہیں بلکہ دنیا کے تمام ڈاکٹرز سب ایک ہی بات کہتے ہیں۔
· دو سال سے کم عمر بچوں کو Promethazine (Phenergan) بالکل نہیں دینی چاہیے۔
· ایک سال سے کم عمر بچوں میں تو یہ جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔
یہ دوا سانس کے مرکز کو دباتی ہے۔ بچے کا دماغ ابھی اتنا پختہ نہیں ہوتا کہ اس کا مقابلہ کر سکے۔ نتیجہ یہ نکل سکتا ہے کہ بچہ گہری نیند میں چلا جائے اور سانس لینا بند ہو جائے۔ یہ Sudden Infant Death Syndrome (SIDS) یعنی اچانک شیر خوار موت کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ کئی کیسز میں بچے صبح اٹھے ہی نہیں۔
✅ چھوٹے بچوں میں Phenergan کے کیا نقصانات ہیں؟
جواب: پانچ بڑے نقصانات درج ذیل ہیں:
1. سانس کا رک جانا (سب سے بڑا خطرہ)۔۔۔
دوا سانس کے اعصابی نظام کو سست کر دیتی ہے، جو ایک چھوٹے بچے کے لیے بہت خطرناک ہے۔
2. الٹا اثر (Paradoxical reaction)۔۔۔
کچھ بچوں میں یہ دوا نیند لانے کے بجائے زیادہ بے چینی، چڑچڑاپن اور ہائپر ایکٹیویٹی پیدا کر دیتی ہے۔ یہ بچوں میں کافی عام ہے۔
3. دل کی دھڑکن پر اثر۔۔۔۔
یہ دوا دل کی تال کو بگاڑ سکتی ہے جسے Arrhythmia کہتے ہیں۔
4. دورے پڑنا (Seizures)۔۔۔
چھوٹے بچوں میں دورے آنے کے کیس سامنے آئے ہیں۔
5. دماغی نشوونما پر اثر۔۔۔
جب بچے کو بار بار کیمیکل کے ذریعے سلایا جائے تو اس کا اثر دماغ کی قدرتی نشوونما پر پڑتا ہے۔ نیند کے دوران بچے کا دماغ سب سے زیادہ کام کرتا ہے، نئے راستے بناتا ہے، یادیں محفوظ کرتا ہے۔ جب یہ نیند مصنوعی ہو تو یہ فائدے کم ہو جاتے ہیں۔
✅ پھر بچہ رات کو جاگے تو کریں کیا؟
جواب: یہ سوال ہر ماں کے دل میں ہوتا ہے اور یہ بالکل جائز سوال ہے۔ لیکن اس کا جواب دوا نہیں ہے۔
چھوٹے بچوں کا رات کو جاگنا بالکل فطری ہے۔ ایک سال سے کم عمر بچے کا نیند کا چکر بہت چھوٹا ہوتا ہے ، وہ ہر 45 سے 60 منٹ میں ہلکی نیند میں آتا ہے۔ یہ کوئی بیماری نہیں، یہ بچے کی فطرت ہے۔
💥ہم اپنے بچوں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے، اور ہم خود بھی تھکاوٹ سے نڈھال ہو جاتے ہیں۔ لیکن ایک گولی جو آج رات سکون دے اور کل نقصان پہنچائے، وہ حل نہیں ہے۔
اگر آپ کا بچہ واقعی بہت زیادہ جاگتا ہے، رو رہا ہے، نیند نہیں لے رہا، تو اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔ وجہ جانیں:
· کیا پیٹ میں گیس ہے؟
· کیا کان میں تکلیف ہے؟
· کیا دانت نکل رہے ہیں؟
اصل وجہ کا علاج کریں، نہ کہ بچے کو زبردستی ادویات دے کر سلانے کی کوشش کریں۔..
آپ کا بچہ امانت ہے۔ اور اس امانت کی حفاظت یہی ہے کہ آسان راستے کے بجائے صحیح راستہ اختیار کیا جائے۔ بچوں کو نیند کی کوئی بھی دوا خاص کر Phenergan بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے دینا سنگین غلطی ہے جس کے جان لیوا نتائج ہو سکتے ہیں۔ اگر بچہ رات کو جاگتا ہے تو صبر کریں، وجہ تلاش کریں، اور ماہر اطفال سے رجوع