29/12/2024
لبلبے میں اچانک شدید سوجن/ اکیوٹ پنکریاٹیس ( Acute Pancreatitis) ایک خطرناک مرض ہے...
پینکریاٹائٹس لبلبے میں ہوجانے والی سوجن (Inflammation) کو کہتے ہیں۔ لبلبہ ایک لمبا اور چپٹا گلینڈ ہے جو معدے کے پیچھے موجود ہوتا ہے۔ لبلبے سے اینزائم بنتے ہیں جن سے کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ لبلبہ ایک اینڈوکرائن گلینڈ بھی ہے جس سے کئی اہم ہارمون بنتے ہیں جن میں انسولین اور گلوکاگان شامل ہیں۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ انسولین کے نہ ہونے یا درست کام نہ کرنے سے لوگوں کو ذیابیطس ہو جاتی ہے۔ پینکریاٹائٹس اکیوٹ بھی ہوسکتا ہے اور کرانک یعنی طویل عرصے پر مبنی۔ پینکریاٹائٹس ہلکا سا بھی ہوسکتا ہے اور پیچیدہ بھی۔ شدید بیماری کا کیس ہو تو اس کے لیے ہسپتال میں داخل کروانا ضروری ہوسکتا ہے۔.عموما مریض کو داخل کیا جاتاہے۔ اگر کسی کو کئی بار اکیوٹ پینکریاٹائٹس ہو تو وہ بھی بڑھ کر کرانک میں تبدیل ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے لبلبہ ٹھیک طریقے سے کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہونے والی ذیابیطس کو سیکنڈری ذیابیطس کہتے ہیں۔ یہ ٹائپ ون یا ٹائپ ٹو ذیابیطس سے مختلف ہوتی ہے۔
◀️علامات:
پیٹ یا معدے کی جگہ میں شدید درد کا ہونا جو مسلسل ہورہا ہو اورکمر کے پیچھے بھی جارہا ہو۔
الٹی یا متلی کا ہونا۔
بخار
دل کی دھڑکن کا تیز ہونا
کبھی کبھی آنکھوں میں پیلاہٹ کا ہونا وغیرہ
◀️تشخیص:
خون کےکچھ ٹیسٹ مثلا امائلیز ،لائپیز،سی بی سی ،ایل ایف ٹی وغیرہ
پیٹ کا الٹراساؤنڈ
◀️علاج :
جلد تشخیص اور علاج مرض کو مذید پیچیدہ ہونے سے بچاتی ہے۔۔
سب سےاہم علاج آ ئی وی فلویڈ یعنی ڈرپوں کے ذریعے علاج ہے جو کہ عموما پہلے چوبیس گھنٹے میں 250 ایم ایل فی گھنٹہ کی رفتار سے مریض کو دیتے ہیں ۔
اس کے علاوہ الٹی روکنے اور درد کا مسلسل ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔باقی مریض کو مسلسل مانیٹر کیا جا تا ہے۔۔
◀️پینکریاٹائٹس ہو جانے کی وجوہات:
1️⃣پتے میں پتھری
2️⃣شراب نوشی
3️⃣سسٹک فائبروسس کی بیماری
4️⃣خون میں کیلشیم کا زیادہ ہوجانا
5️⃣خون میں ٹرائی گلسرائڈ یا چکنائی کا زیادہ ہو جانا
6️⃣ مختلف انفیکشن مثلا وائرس سے ہونے والے انفیکشن
7️⃣پیٹ میں چوٹ لگنا
8️⃣ جگر اور لبلبے کی نالی میں پیٹ میں موجود کیڑوں کا چلےجانا اور بندش( یہ بلتستان میں پتےکی پتھری سے ہونے والی لبلبےکک سوزش کے بعد سے عام وجہ ہے)
9️⃣کبھی کبھار پینکریاٹائٹس ہونے کی وجہ کبھی معلوم نہیں ہوتی۔
◀️پینکریاٹائٹس ہونے کا خطرہ کن لوگوں میں بڑھ جاتا ہے؟
1️⃣ریسرچ سے پتا چلتا ہے کہ جو لوگ چار پانچ گلاس شراب روزانہ پئیں ان میں پینکریاٹائٹس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
2️⃣سگریٹ پینے والے افراد میں طویل دورانیے کا پینکریاٹائٹس ہونے کا خطرہ ان لوگوں سے تین گنا زیادہ ہوتا ہے جو سگریٹ نوشی نہیں کرتے۔ یہاں اچھی خبر یہ ہے کہ سگریٹ نوشی بند کردینے سے آپ میں یہ خطرہ آدھا ہوسکتا ہے۔
3️⃣مٹاپے سے پینکریاٹائٹس ہونے کا خطرہ زیادہ ہوجاتا ہے۔
4️⃣خاندان میں اور لوگوں کو بھی لبلبے کی سوزش کی بیماری ہونا۔
◀️پینکریاٹائٹس سے کیا پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں؟
اکیوٹ پینکریاٹائٹس میں لبلبے میں غبارے سے بن جاتے ہیں جن کو سوڈو سسٹ کہتے ہیں۔ یہ پھٹ جائیں تو ان سے انفیکشن بھی پھیل سکتی ہے اور اندرونی طور پر خون بہنا شروع ہوسکتا ہے۔
گردوں کا فیل ہوجانا اکیوٹ پینکریاٹائٹس کی سنجیدہ پیچیدگیوں میں شامل ہے۔ اس کے لیے ڈایالسس کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔
پھیپھڑوں کا کام متاثر ہوتا ہے جس سے جسم میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوسکتی ہے۔
لبلبے کے انسولین بنانے والے خلیوں کے تباہ ہونے سے ذیابیطس کا خدشہ بھی رہتا ہے۔
لبلبے کے درست طریقے سے کام نہ کرنے سے ان اہم اینزائم میں کمی واقع ہوتی ہے جو کھانا ہضم ہونے میں مدد کرتے ہیں۔ اس کی وجہ سے جسم میں غذا کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر لبنیٰ مرزا
نوٹ :یہ تحریر ہم سب ویب پہ چھپا تھا ۔جسے ڈاکٹر صاحب نے قارئین کی خدمت میں کافی ترامیم کے بعد پیش کیا جارہا ہے۔۔اس بیماری سے متعلق سوالات آپ کمنٹس سیکشن میں ہم سے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
#ایڈمن